نوابشاہ: الخدمت کے تحت ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

351

نواب شاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)الخدمت فاؤ نڈیشن کے تحت ڈینگی و ملیریا سے تحفظ کی آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں 400 افراد میں ڈیرھ لاکھ روپے سے زاید مالیت کی مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے کہا کہ ملیریا خطرناک مرض ہے جس کے تحفظ اور بچاؤکے لیے ہم خود بھی احتیاطی تدابیر کر سکتے ہیں جس میں اپنے گھروں اور محلوں کی صفائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے بلدیاتی ادارے بھاری فنڈز لینے کے باوجود لوگوں کو صفائی کا بہتر نظام فراہم نہیں کرسکے جس کی وجہ سے سندھ کے عوام ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور دیگرموذی امراض میں مبتلا ہیں ۔ الخدمت کے ضلعی صدر انجینئر عبدالوہاب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت مخیر حضرات کے تعاون سے دوسرے کئی شعبوں کی طرح مہنگائی کے اس دور میں جبکہ غریب آدمی کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے الخدمت لاکھوں افراد کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ تقریب سے سردار احمد آرائیں اور رہنما الخدمت امجد بٹ نے بھی خطاب کیا۔