سکھر، پنو عاقل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے سیپکو کا لائن مین جاں بحق

122

سکھر (نمائندہ جسارت) پنو عاقل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے سیپکو کا لائن مین جاں بحق، لائن مین کی ہلاکت پر ورثا کا لاش سمیت تھانے کے سامنے دھرنا، لائن سپرنٹنڈنٹ کو متوفی کی ہلاکت کا ذمے دار قرار دے دیا، کارروائی کا مطالبہ۔ سکھر ضلع کی تحصیل پنو عاقل کے علاقے پیر واہ میں سیپکو کا ایک لائن مین 45 سالہ ساجد علی ولد غوث بخش تھیم بجلی کے کھمبے پر کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش فوری طور پر تعلقہ اسپتال لائی گئی، جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ لاش ملتے ہی ورثا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے لاش سمیت پنو عاقل تھانے کے سامنے دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے متوفی کی ہلاکت کا ذمے دار لائن سپرنٹنڈنٹ کو قرار دیتے ہوئے بتایا کہ لائن سپرنٹنڈنٹ نے بجلی بند کرائے بغیر کام کے لیے لائن مین کو بجلی کے کھمبے پر چڑھا دیا، لائن مین نے منع کیا تو اسے زبردستی کھمبے پر چڑھایا اور کام کے دوران کرنٹ لگنے سے فوت ہوگیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ لائن سپرنٹنڈنٹ کیخلاف کارروائی کی جائے، جب تک اس کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی، اس وقت تک احتجاج ختم نہیں کریں گے۔