ملتان سلطان نے لاہور قلندر کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی

1482

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان نے لاہور قلندر کو پانچ وکٹ سے با آسانی شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو کامیاب ثابت ہوا ، لاہور قلندر ز کی جانب سے فخرزمان اور کرس لن نےاننگز کاآغاز کیا،دنوںبلے بازوں نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے5.2اوورز میں 59رنز کی شراکت قائم کی ۔

اس موقع پر کرس لن 19 گیندوں پر 39رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں تین چکھے اور چار چوکےشامل تھے۔ کرس لن کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں ۔

‘لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 138رنز ہی بناسکی، لاہور قلندر کی جانب سے کرس لن 39، کپتان سہیل اختر 34رنز بناکر نمایا ںرہے، ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سےاننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز ونس نے کیا، تاہم 24 کے مجموعی اسکور پر جیمز ونس 18 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد معین علی 11، شان مسعود 38 اور ذیشان اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رلی روسو 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

شاہد آفریدی 12 گیندوں پر 21 اور خوشدل شاہ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے 139 رنز کا ہدف 16.1اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔

لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔