نئے الیکشن یا ان ہاؤس تبدیلی،تمام آپشن استعمال کرینگے،بلاول

107

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ مریم نواز ملاقات کی دعوت دیں گی توانکار نہیں کروں گا، ہم کسی بھی دروازے کو بند نہیں کریں گے، نئے الیکشن ہوں یا ان ہاؤس تبدیلی ، تمام آپشنز استعمال کریں گے، پاکستان کی اپوزیشن اور عوام ایک پیج پر ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 15سال میں اتنا مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوا، جتنا عمران خان کے دور میں ہوا ہے، عمران خان کہتا تھا کہ مہنگائی تب بڑھتی ہے جب وزیراعظم ایماندار نہیں ہوتا، جب عمران خان ایماندار وزیراعظم بنے گا تو ایسے مسائل نہیں ہوں گے، لیکن عمران خان کا اپنا شماریات بیورو کہتا ہے کہ تاریخ میں مہنگائی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، جتنا پچھلے 15مہینے میں ہوا ہے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کہتا ہے کہ ٹیکس ٹارگٹ پورا نہیں ہوا، جب ٹیکس ٹارگٹکو حاصل نہیں کرسکتی ، تو پھر عمران خان کو بتانا چاہیے کہ وہ کس کرپشن میں ملوث ہے جس کی وجہ سے آج مہنگائی بڑھ رہی ہے۔جس کی وجہ سے حکومت اپنا ٹیکس ٹارگٹ حاصل نہیں کررہی ہے۔ اس حکومت میں سب سے زیادہ قرض لیا گیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ صرف کرپشن کی وجہ سے نہیں بلکہ ہمارا حکمران نالائق اور نااہل ہے، یہ عوامی نمائندے ہی نہیں ہیں۔ جب عوامی نمائندے نہیں ہوتے تو آئی ایم ایف مذاکرات میں پاکستان کے عوام کا خیال نہیں رکھاجاتا، ہم اس ڈیل کو نہیں مانتے ، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستانی عوام کے ساتھ ظلم ہے، حکومت کو چاہیے آئی ایم ایف کی یہ ڈیل پھاڑ کرپھینک دے، بلکہ نئے سرے سے مذاکرات کرے۔نالائق حکومت چینی اور گندم درآمد کررہی ہے، حکومت چینی گندم بیچنے کے بجائے خرید رہی ہے۔ہم نے پاکستان کو درآمد کے بجائے برآمد کرنے والا ملک بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ عوام موقع دیں تو ملکی معیشت کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔