کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز آج سے کراچی میں ہوگا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق سپر لیگ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ شاداب خان پہلی مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم 5 لاکھ امریکی ڈالرز اور ٹرافی کی حقدار ٹھہرے گی۔ ایونٹ کی فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے جس کی کامیابی کا تناسب 61.90 فیصد ہے جبکہ پشاور زلمی کا دوسرا نمبر ہے جس کی کامیابی کا تناسب 58.69 فیصد ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز سپر لیگ کی وہ 2 ٹیمیں ہیں جو تاحال پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکیں تاہم دونوں ٹیمیں لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ماضی کے اعداد و شمار کو پس پشت ڈالتے ہوئے تاریخ بدلنے کیلئے پرامید ہیں۔ایل پی ایس فائیو ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔