مجلس احرار کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت‘ ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

112

لاہور(نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کوئٹہ میں یوم صدیق اکبر ؓ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں معصوم انسانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پرانتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں اس طرح کے واقعات اسلام وپاکستان کیخلاف دشمن طاقتوں کی خطرناک سازش ہیں جومذہبی دہشت گردی کی آڑمیں اسلام کو بدنام اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پرتلے ہوئے ہیں۔ان حالات میں تمام اسلام پسنداور محب وطن عناصر پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متحد ہوکر امن دشمن قوتوں کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں۔انہوںنے کہاکہ ہماری بہادرفوج اورعوام نے پہلے بھی دہشت گردوں کو شکست دی اور اب بھی ان شاء اللہ یہ منہ کی کھائیں گے ۔