مجلس احرار اسلام کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت‘ہلاکتوں پر اظہار افسوس

131

لاہور(نمائندہ جسارت)مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطا المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کوئٹہ میں یوم صدیق اکبر ؓ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں معصوم انسانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پرانتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کے ذمے داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیںمذہبی دہشت گردی کی آڑمیں اسلام کو بدنام اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پرتلے ہوئے ہیں۔علاوہ ازیںلاہورکے جنرل سیکرٹری قاری محمد قاسم بلوچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ کا بیان کہ ’’پاکستان کو ہم نے مذہبی ریاست کے طور پر نہیںبنایا تھابلکہ مسلم اکثریتی علاقوں کی بنیاد پر ضرور بات ہوئی تھی‘‘پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ اور حقائق یہ بتاتے ہیں کہ بانی پاکستان نے واضح طور پر متعددبار یہ کہاکہ ہم قرآن وسنت کے نفاذ کے لیے یہ خطہ حاصل کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے قومی وسیاسی رہنمائوں کو الگ مسلم ریاست کے قیام کی اصل وجوہات معلوم کرنی چاہیے اور فکری انتشار کو ہوادینے سے گریز کریں۔