سانگھڑ ،سول اسپتال میں فرش پر بچے کی پیدائش پر عدالت کا نوٹس

209

سانگھڑ( نمائندہ جسارت )گزشتہ دنوں سانگھڑ سول اسپتال میں فرش پر بچے کے جنم دینے والے واقعے پر سخت عدالتی احکامات جاری۔ انکوائری میں عملہ غفلت کا مرتکب پایا گیا جو کہ عملے کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے؟ عدالت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانگھڑ نے سیکرٹری ہیلتھ،ڈی جی ہیلتھ اور ڈی ایچ او کو غفلت اورکوتاہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔تفصیلات کے مطابق سانگھڑ دوہفتے قبل سول اسپتال سانگھڑ کے میٹرنٹی ہوم کے فرش پر بچے کو جنم دینے والی خاتون لچھمی واقعے پر میڈیا رپورٹس کی روشنی میں سیشن جج سانگھڑ سمکان حسین مغل نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ او سانگھڑ کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ جاری کردہ حکم نامے میں مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ ڈی ایچ او انکوائری رپورٹ کے مطابق عملہ غفلت اور کوتائی کا مرتکب ہوا جس کی وجہ سے غیر انسانی المیہ پیش آیا ہے۔انکوائری میں ذمے داروں کے ناموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔انکوائری رپورٹ پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانگھڑ نے سیکرٹری ہیلتھ سندھ کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ واقعے میں غفلت،کوتائی اور فرائض منصبی میں غیر ذمے دارانہ رویے کے مرتکب ہونے والے عملے کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا جائے ۔جاری کردہ حکم نامہ میں لکھا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کے ساتھ اسپتال عملے نے غیر انسانی رویہ اختیار کیا ہے جوکہ عملے کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے؟ اس سلسلے میں متاثرہ خاتون لچھمی اور والدمیرخان بھیل نے سب سے پہلے سیشن جج کا شکریہ ادا کیا ۔متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ عدالت سے انصاف ملا ہے سول سرجن سمیت عملے کے خلاف جلد سے جلدکارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ضرورت مند شہری کے ساتھ صحت کی سہولیات پر نا انصافی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر من وعن عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں معزز عدالت سے رجوع کیا جائے گا تاکہ انصاف کے تقاضوں کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔