پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں آگ لگ گئی جسے بعد ازاں بجھا دیاگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق آگ پارلیمنٹ لاجز کی تیسری منزل پر مریم اورنگزیب کو الاٹ فلیٹ نمبر 302 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،آگ کے باعث دھواں اردگرد کے کمروں میں بھی پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے نے وقوعہ پرپہنچ کرآگ پر قابو پالیا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب اس وقت وہاں موجود نہیں تھیں، تاہم ان کے دو ملازمین وہاں موجود تھے جنہیں بروقت ریسکیو کرلیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب سے ٹیلیفون پر واقعے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ واقعہ میں جانیں محفوظ رہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا بھی پارلیمنٹ لاجز پہنچے جہاں انہوں نے ڈائریکٹر لاجز سے استفسار کیا آگ کیسے لگی، جس پر ڈائریکٹر لاجز نے کہا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ آگ کیسے لگی، ملازم کے مطابق آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی۔