“وزیراعظم ہمت کریں اور مولانا فضل الرحمان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کروائیں”

603

جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہمت کریں اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف  بغاوت کا مقدمہ درج کروائیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہوا تو پھر بات مولانا تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دور تک جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آئیں گے لیکن وہ آئے، اعجاز شاہ نے صرف گیدڑ بھبکیاں دیں اور ہم نے دھرنا دیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نےچند روز قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مولانا  ان لوگوں کا نام بتائیں جنہوں نے حکومت گرانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کی اطاعت قبول نہیں کی، اگر یہ بغاوت ہے تو ہم بغاور کرتے رہیں گے۔