جمہوری قوتیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہیں،پیر اعجا ز ہاشمی

148

لاہور(آن لائن)جمعیت علمائے پاکستان(جے یو پی)کے مرکزی صدراور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے وزیراعظم عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، اپوزیشن کی آنے والے دنوں میں شروع ہونے والی تحریک سے خائف ہو کر مختلف حیلے بہانے تلاش کررہی ہے تاکہ الجھایا جاسکے۔جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اس طرح کے بیانات دے کر چھوٹے پن کا مظاہرہ کررہے ہیں کہ وہ کرپشن نہیں کر رہے ہیں، اس لیے فوج ان سے بہت خوش ہے،ان کا یہ بیان ہی واضح کرہا ہے کہ ان کی اپنی اوقات کیا ہے ، آئین کا آرٹیکل 6 آئین شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے سزادینا ہوتی ہے مگر گزشتہ دنوں جنرل پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ آیا، جس کے خلاف حکومت مدعی بننے کے بجائے خود وکیل صفائی بن گئی اور عدالت نے فیصلے کو مسترد کردیا،کاش آرٹیکل 6 کے تحت کسی آمرکے خلاف کارروائی ہو تی تاکہ آئین شکنی کے مرتکب طالع آزماؤں کو عبرت ہوتی لیکن افسوس عدالتوں سے آئین شکنی کے مرتکب شخص کے خلاف فیصلے کم ہی آتے ہیں، فیصلے سیاستدانوں کے خلاف آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہیں، حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا،خواجہ آصف اور مولا نا فضل الرحمن کے خلاف غداری کا مقدمہ کرنابڑی سازش ہوگی۔