فضل الرحمن اسلام آباد آئے تو دھر لیے جائیں گے‘ شیخ رشید

376

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن پر آرٹیکل 6لگانے کا حامی نہیں ہوں، اس بار فضل الرحمن اسلام آباد آئے تو دھر لیے جائیں گے اوراب مارچ والوں سے پہلے جیسا برتائو نہیں ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایک سوال پروفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نواز شریف آ رہے ہیں نہ مریم نواز جارہی ہیں، شہباز شریف میری پارٹی کے ہیں، وہ مارچ میں آجائیں گے،جب آئیں گے تو ہم گڈی گڈی کھیلیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی ساری نہیں 50، 50 فٹ اراضی واگزار کرا رہے ہیں، جا ئد ادیں فروخت ہونے سے محکمے کا خسارہ کم ہوگا، کراچی سرکلر ریلوے میں بہت سی رکاوٹیں ہیں، سرکلر ریلوے کا وزیراعلیٰ سندھ سے مل کر حل نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے کراچی کی جائدادیں فروخت کرنے کی اجازت دی ہے، عوام سے 5 سال میں ریلوے کاخسارہ کم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بجلی سے متعلق آئی ایم ایف کی بات نہیں مانیں گے، وزیراعظم ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ حکومت کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائیں گے تاہم ان کی خاموشی خطرناک ہو سکتی ہے، اس وقت ان کا مطالبہ صرف مریم نواز کو لندن بھجوانے کا ہے، انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے،وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے وہ اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔ بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے مسائل پر وزیراعظم سے بات چیت چل رہی ہے ۔کے سی آر سے متعلق عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل درآمد ہم سب کا کام ہے۔بلاول زرداری کی متوقع گرفتاری کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی ان کے کھیلنے کے دن ہیں، میری آصف زرداری سے 2مرتبہ ملاقات ہوئی جس میں مشورہ دیا کہ آصفہ زرداری سیاست کے لیے بہتر چوائس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ بلاول جیل جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ریلوے کا بزنس پلان عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دیا گیا ہے اور اس مرتبہ عدالت کی طرف سے ریلوے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں کا بوجھ ریلوے کو متاثر کر رہا ہے لیکن پھر بھی ہم عوام کومایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 24فروری کو لاہور سے گوجرانوالہ شٹل ٹرین کا افتتاح کروں گا ۔ایک سوال پر کہ چودھری نثارکی نواز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔