گجرات میں بین الاقوام کرکٹ میچز کرائیں گے ،چودھری پرویز الہیٰ

235

لاہور (جسارت نیوز)ا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ گجرات میں پہلے کبڈی ورلڈ کپ کا میچ ہو رہا ہے، صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین، حکومت پنجاب اور تمام انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے‘ کبڈی کے بعد گجرات میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ بھی کروائیں گی۔ وہ چودھری ظہورالٰہی شہید اسٹیڈیم گجرات میں ورلڈ کپ کبڈی میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ گجرات میں کبڈی کا یہ انٹرنیشنل میچ ہو رہا ہے جو کہ ہمارے بزرگ چودھری ظہورالٰہی شہید کے خواب کی تعبیر ہے، میں یہاں انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کبڈی ورلڈکپ کا شیڈول طے ہو رہا تھا تو میں نے اصرار کیا کہ گجرات میں کبڈی کا میچ ضرور رکھیں، پچھلے حکمرانوں کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اہل گجرات کیلئے یہاں کوئی انٹرنیشنل ایونٹ منعقد کرواتے، کبڈی کے بعد اب میری کوشش ہو گی کہ چودھری ظہورالٰہی شہیدا سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ بھی منعقد ہو۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں آج تک کبھی اتنا بڑا انٹرنیشنل ایونٹ نہیں ہوا اس کا سہرا صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین، پنجاب حکومت اور انتظامیہ کے سر ہے۔اس موقع پر عبداللہ یوسف ایم پی اے، سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، ندیم ملہی، اعجاز چودھری، بوبی پہلوان اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی کا گجرات پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، ظہورالٰہی شہید اسٹیڈیم اور پورے گجرات کو کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے ممالک کے جھنڈوں اور کھلاڑیوںکی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ چودھری پرویز الٰہی جب اسٹیڈیم پہنچے تو کبڈی فیڈریشن کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ چودھری شافع حسین نے بھارت، انگلینڈ، آذربائیجان اور پاکستان کی ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ان کا تعارف کروایا۔اس موقع پر چھوٹے بچوں نے روایتی پنجابی لباس اور دیگر ممالک کے قومی لباس پہن کر گرائونڈ کا چکر لگایا اور تماشائیوں سے خوب داد وصول کی۔ ظہورالٰہی شہید اسٹیڈیم کھچا کھچ تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا، گرائونڈ کے اندر اور باہر لوگوں کا ہجوم تھا۔