پی ایس ایل 5 اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز مدمقابل

579

کراچی(سید وزیر علی قادری) شائقینِ کرکٹ گذشتہ4 ایڈیشنز سے پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز میچوں سے محظوظ ہورہے ہیں۔ ابتدائی 2 ایڈیشنز میں5 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے تیسرے ایڈیشنز میں چھٹی ٹیم، ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا۔ یوں تو ملتان سلطانز کی ٹیم اب تک کسی ایڈیشن کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکی تاہم ایونٹ میں بہتر کارکردگی کے باعث ملتان سلطانز حریف ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھانے میں کامیاب رہی ہے۔ اس دوران ملتان سلطانز نے ایونٹ میں متعدد سنسنی خیز میچوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ان کے ٹاکرے مشہور ہیں۔ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز اولیاء کے شہر اور اسلام آباد یونائیٹڈ وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے۔ پی ایس ایل 2020 میں دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹاکرا 22 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور دوسرا 8 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سابقہ مقابلوں کے نتائج میںجیت کا تناسب 50،50 فیصد ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 4 مرتبہ مدمقابل آئیں جہاں 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور 2 میں ملتان سلطانز نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مدمقابل آئیں۔ پی ایس ایل 2018 کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان گروپ مرحلے میں 2 میچز کھیلے گئے۔ 25 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو بآسانی شکست سے دوچار کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 13 مارچ 2018 کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ لیوک رونکی کی نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو مقررہ 20 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں کیرون پولارڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 33 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دونوں گروپ میچز میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کرکے گذشتہ ایڈیشن کا بدلہ چکا دیا۔ ایڈیشن 2019 کے دونوں میچوں میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بالترتیب 5 اور 6 وکٹوں سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا پہلا میچ 16 فروری کو کھیلا گیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی، کپتان شعیب ملک نے ناقابل شکست 31 رنز بناکر ملتان سلطانز کو ایونٹ میں کامیابی دلادی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ 26 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ملتان سلطانز نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پی ایس ایل 2020 میں دونوں ٹیموں میںسے اسلام آباد یونائیٹڈ سے پی ایس ایل 2020 میں بہتر کارکردگی کی امید کی جارہی ہے۔ 2 مرتبہ کی چیمپئن فرنچائز نے ایڈیشن5 کے لیے ایک مضبوط ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ دنیائے کرکٹ کے بہترین فاسٹ بولر ڈیل اسٹین پہلی مرتبہ ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں وہ ایڈیشن 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فہیم اشرف بھی لیگ اسپنر شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اتریں گے۔ مضبوط بولنگ لائن اپ کا سامنا کرنے کے لیے معین علی، شاہد آفریدی، روی بوپارہ، جیمز ونس، ریلی روسو اور خوشدل شاہ ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ معین علی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کررہے ہیں۔ ٹیم کی قیادت تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کررہے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹس سہیل تنویر، محمد عرفان اور عمران طاہر پر مشتمل ملتان سلطانز کے بولنگ اٹیک کا سامنا کرنے کے لیے کولن انگرام، کولن منرو، آصف علی، لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب ہوں گے۔ پی ایس ایل 5 ، 20 فروری سے22مارچ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم اسکواڈ میںشاداب خان (کپتان)، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولن منرو، فہیم اشرف، آصف علی، رومان رئیس، لیوک رونکی، حسین طلعت، فل سالٹ، ظفر گوہر، عماد بٹ، رضوان حسین، موسیٰ خان، عاکف جاوید، احمد صفی عبداللہ، سیف بدر اور ڈیوڈ ملان شامل ہیں۔ملتان سلطانزمیںشان مسعود (کپتان)، شاہد آفریدی، معین علی، رائیلی روسو، محمد عرفان، ذیشان اشرف، روی بوپارہ، سہیل تنویر، جنید خان، جیمز ونس، خوشدل شاہ، عثمان قادر، فابیئن ایلن، علی شفیق، روحیل نذیر، محمد الیاس، عمران طاہر، وائن میڈسن، اور بلاول بھٹی شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق 22 فروری 2020 کو کھیلا جائے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ ملتان سلطانز بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ ہوگا۔ 8 مارچ 2020کو دوپہر 2 تا شام 5:15 بجے ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ بمقام پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں میچ کھیلا جائیگا۔