ٹھٹھہ ، ترقیاتی منصوبے کرپشن کے باعث مکمل نہ ہو سکے ،عوام پریشان

217

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گزشتہ کرپشن کے بدترین دور میں دوسرے سرکاری محکموں کے چند کرپٹ ترین افسران نے ملک کے خزانے کی لوٹ مار میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس بہتی گنگا میں ڈرینج ڈویژن ٹھٹھہ نے بھی خود کو کسی سے پیچھے نہیں رکھا، کروڑوں روپے من پسند ٹھیکیداروں اور ڈمی کنسٹرکشن کمپنیوں کو جاری کرکے خوب مزے اڑائے۔ اس سلسلے میں انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق ڈرینج ڈویژن ٹھٹھہ سالانہ کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے باعث منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے ہیں اور جاری کردہ رقم کرپشن کی نظر ہوگئی۔ اس سلسلے میں ملنے والی معلومات کے مطابق سابق سپرنٹنڈنٹ انجینئر لوور سندھ ڈرینج سرکل زاہد حسین شیخ، سابق ایگزیکٹو انجینئر ڈرینج ڈویژن ٹھٹھہ شعیب سگریو اور نعیم اختر میمن کے دور میں ضلع کے میگا پروجیکٹ جرمن دو رو لنک جھرک سب ڈرین آر ڈی 15.00، سامکی لنک ڈرین گھوڑا باری آؤٹ فال ڈرین 15.0، واٹر کورس روڈ برج جام ساکرو آؤٹ فال ڈرین آر ڈی 0.140 اور پرانی بگھاڑ برانچ ڈرین آر ڈی 0.0 سمیت دوسرے میگا منصوبوں کے نام سے کروڑوں روپے جاری کیے گئے اور کام کاغذی کارروائیوں میں دکھائے گئے۔ ذرائع کے مطابق کاغذی کارروائیوں اور زمینی حقائق الگ ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان منصوبوں کو مکمل نہ ہونے کیخلاف عوامی شکایتی درخواستیں احتسابی اداروں میں ہیں مگر کرپٹ افسران کی لین دین اور سیاسی مداخلت کے سبب تفتیشی عمل اور انصاف کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ ڈرینج ڈویژن ٹھٹھہ میں حالیہ جاری کردہ ٹینڈر اور سالانہ بجٹ کا بھی غلط استعمال کیا جارہا ہے، جس کے باعث ٹھٹھہ کی نالیوں کی حالت بدتر ہے، صفائی کے نام سے بجٹ کا استعمال جاری ہے اور گزشتہ بارشوں کی مد میں رین فیلڈ کے نام سے بھی بڑی رقم نکال کر سرکاری خزانے کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ دوسری جانب کچھ عرصہ قبل ڈرینج ڈویژن ٹھٹھہ میں بڑا بھیانک اسکینڈل سامنے آیا، جس میں بڑی تعداد میں جعلی آرڈر نکالنے والی خبریں گردش کررہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق جعلی آرڈر معاملے پر محکمے میں اعلیٰ سطع کی انکوائری بھی تشکیل دی گئی تھی مگر حقیقتیں سامنے آنے سے پہلے مکمل خاموشی ہوگئی۔ ایسی خبروں پر ٹھٹھہ کے سماجی حلقوں میں شدید غصہ پایا جارہا ہے، عوامی، سماجی حلقوں نے شفاف انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے۔ دوسری جانب اس خبر کے مؤقف کے لیے محکمہ ڈرینج ٹھٹھہ ایگزیکٹو انجینئر فرخ کاروانی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ گزشتہ کچھ عرصے سے آفس میں موجود نہیں اور فون اٹینڈ نہ کرنے کے باعث مؤقف سامنے نہیں آسکا۔