لاڑکانہ، جلدی خارش کی بیماری کے باعث دو بچوں کی زندگیوں کو خطرہ

166

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) جلدی خارش کی خطرناک قسم کی بیماری میں مبتلا چار افراد کی ہلاکت کے بعد دو معصوم بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے سوشل میڈیا میں خبروں کے بعد پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندگان نے متاثرہ خاندان سے کوئی رابطہ تک نہیں کیا۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے کوشاں رہنے والی تحریک دعوت اسلامی کے ایک اسلامی بھائی نے نام بتائے بغیر موذی مرض میں مبتلا دونوں بچوں 6 سالہ غلام حسین اور 9 سالہ امان اللہ مغیری کو کراچی میں جلد کے مشہور اسپتال سے علاج کرانے کے لیے رابطہ کرلیا، جس کے بعد دونوں معصوم بچے کراچی علاج کرانے کے لیے روانہ ہوچکے۔ اسی سلسلے میں متاثرہ خاندان کے راجا مغیری کا کہنا ہے کہ ہم دعوت اسلامی کے اسلامی بھائی کے احسان مند ہیں، جنہوں نے ہمارے بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہمیں علاج کے لیے تعاون کرنے کا یقین دلایا ہے۔