بلاول ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹا پیسہ واپس کردیں، مہنگائی ختم ہو جائیگی، فردوس عاشق

164

اسلام آباد(آ ن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب پیپلزپارٹی کے دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائیگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا پاکستان کے عوام کا خون چوس کرغریبوں کے پیسے پر پلنے والے آج حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں، مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج ان کی سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا اپوزیشن جماعتیں عوام کے لیے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں، ان کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے، احتجاج کرنے والے عوام کے وہ مجرم ہیں جنہوں نے اس قوم کو غربت، قرض اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا یہ ان لوگوں کے نمائندے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے، یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں، اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا۔علاوہ ازیں فیڈریشن آف رئلٹرز پاکستان کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت رئیل سٹیٹ بزنس سے وابستہ افراد کے مسائل کو سمجھتی ہے اور وہ فیڈریشن کے نمائندوں کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کا بندو بست کرائیں گی۔