کراچی(صباح نیوز)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت جان لے بلاول زرداری کا تعلق شہید گھرانے سے ہے وہ نیب کے بے بنیاد نوٹسز سے گھبرانے والے نہیں ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے اور لغو نوٹسز بھیج کر بلاول زرداری کو خاموش نہیں کرایا جاسکتا ،یہ نااہل حکمرانوں کی بھول ہے ،یوٹرن حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ پچھلے 18 ماہ میں پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے معیشت کی تنزلی ہوئی ہے اور بگاڑ آیا ہے ،یہ ایسی منفرد حکومت ہے جو کہتی کچھ اور کرتی کچھ اور ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت پاکستان کے عوام کا استحصال کررہی ہے ۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وعدہ کرکے یوٹرن لے لیتی ہے، بلاول نے مارچ میں مارچ کا اعلان کیا تو ایک بار پھر نیب کا نوٹس آگیا، حکومت جان لے بلاول، ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے ہیں، بے نظیر کے صاحبزادے اور کروڑوں جیالوں کے محبوب قائد ہیں وہ ان جھوٹے کیسز سے گھبراتے نہیں ہیں ،جھوٹے مقدمات کرکے بلاول کو روکنا سلیکٹڈ حکمرانوں کی بھول ہے ،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورزنے آٹے چینی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، یہ عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے، حکمرانوں کو عوام کی ذرہ برابر بھی فکر نہیں ہے وہ اپوزیشن کو دبانے میں مصروف ہیں۔