لندن(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی صدرمیاں شہباز شریف نے عوام، تاجروں اور سیاستدانوں سے کہا ہے کہ وہ ملکی معیشت بچانے کے لیے متحد و تیار ہو جائیں،پاکستان کو دانستہ طور پر معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحت مند اور دوڑتی ہوئی ملکی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت کی تباہی سے پاکستان کی سالمیت اندر سے کھوکھلی ہو رہی ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سود کی شرح بڑھا کر کاروبار و روزگار چھینا گیا تو گیس و بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کا معاشی قتل عام کیا گیا۔ قائد حزب اختلاف نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے 11000 ارب کا قرض ملک کو معاشی بیڑیوں میں جکڑنے کے لیے لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیے جانے والے قرض کا قوم کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی گاڑی کو اندھے ڈرائیور کی طرح ریورس میں چلا رہی ہے لیکن اب عوام و ملک کا مزید معاشی قتل عام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہباز شریف نے الزام عاید کیا کہ ملک کو عوام کی معاشی قتل گاہ میں تبدیل کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم ہائوس کو چوروں کی پناہ گاہ بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے قصور تاجروں کو جیلوں میں بند کیا جارہا ہے جب کہ آٹا اور چینی چور وزیراعظم کی سرپرستی میں محفوظ ہیں۔ شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر 2گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔