کوئٹہ، سرگودھا، پشاور (نمائندہ جسارت، این این آئی، اے پی پی) بلوچستان کے ضلع دکی کی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے چار کان کن جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں تین سگے بھائی تھے۔ لاشوں کو پانچ گھنٹے کے آپریشن کے بعد نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ضلع دکی سے چھے کلو میٹر دور کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے کان کے اندر کام کرنے والے تین بھائیوں سمیت چار کانکن مٹی تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں، مائینز اہلکاروں، ریسکیو ٹیم اور مقامی کوئلہ کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانچ گھنٹے بعد لاشیں کان سے نکال کر اسپتال منتقل کیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے کانکنوں کی شناخت کمال خان، آدم خان ولد گل خان اور شراف الدین کے ناموں سے ہوئی جاں بحق ہونے والے تمام کانکنوں کا تعلق مسلم باغ سے ہے۔ سرگودھا میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں دس سالہ طالب علم جاں بحق، میاں بیوی اور بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ریجن میں دلے والا کے علاقے کاٹھ موڑ کے قریب موٹر سائیکل میں چادر آنے سے نوجوان قیصر شدید زخمی ہوگیا، جسے تشویشناک حالت کے باعث آر ایچ سی دلے والا سے ڈی ایچ کیو بھکر ریفر کردیا گیا۔ اسی طرح کچہ پکہ موڑ سڑک عبور کرتے ہوئے دس سالہ طالب علم ٹریکٹر ٹرالی تلے آ کر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔ جبکہ سرگودھا کے علاقہ ڈھل اڈا کے قریب تیز رفتار ہائی ایس کی ٹکر سے ہاتھی ونڈ کا موٹر سائیکل سوار بیوی اور بیٹی سمیت شدید زخمی ہوگیا، جن کو ٹی ایچ کیو اسپتال بھیرہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ پشاور میں انسداد منشیات مہم میں ایکسائز انٹیلیجنس بیورو نے 15 کلومنشیات پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو چرس برآمدکرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پروانشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو چیف سید نوید جمال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ موٹر کار سوزوکی میں چرس جمرود سے براستہ یونیورسٹی روڈ پشاور پنجاب اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی ہے۔ نوید جمال نے انچارج اینٹیلیجنس بیورو چھے کے انچارج لال گل خان اور ایڈیشنل انچارج محمد شکیل خان مع دیگر اسکواڈ نفری کو الرٹ کیا۔ مذکورہ ٹیم نے اطلاع کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فیز تھری چوک یونیورسٹی روڈ کے قریب دوران ناکہ بندی مذکورہ گاڑی کو روک کر تلاشی لینے پر 15000 گرام (15 کلو) چرس برآمد کرکے ملزم عزت ولد ولایت سکنہ افغانستان موجودہ پتا کوہاٹ روڈ کو موقع پر گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے خیبر پختونخوا ایکسائز انسداد منشیات قانون کے تحت تھانہ یونیورسٹی ٹائون میں مقدمہ درج کردیا گیا۔ سید ظفر علی شاہ سیکرٹری ایکسائز، سید فیاض علی شاہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اور عسکر خان ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول نے متعلقہ عملے کی انسداد منشیات مہم میں حالیہ کامیاب کارروائی کو سراہا۔