راولپنڈی ٹیسٹ،پاکستان نے بنگلادیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی

194

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) پاکستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر2 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلا دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نسیم شاہ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلادیش نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 126 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان مومن الحق 37 اور لٹن داس صفر پر کھیل رہے تھے، مومن الحق گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، 156 کے مجموعی ا سکور پر بنگلا دیش کی8ویں وکٹ گر گئی جب روبیل حسین 5 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ لٹن داس کو 29 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ ابو جائید بنگلادیش کے 10ویںاور آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اس طرح بنگلا دیش کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اسے اننگز اور 44 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یاسر شاہ نے4 جبکے شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 445 رنز بنائے تھے۔