بلاول کو نوٹس انہیں عوامی مسائل پر خاموش کرنے کی سازش ہے،مرتضیٰ وہاب

144

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو نوٹس انہیں عوامی ایشوز پر خاموش کرنے کی سازش ہے، پی پی چیئرمین گندم،آٹا، چینی، گیس اور پانی کے بحران سمیت قانون کی حکمرانی کے لیے آواز بلند کرتے رہیںگے، وہ گھبرانے والے نہیں ہیں، پی ٹی آئی کی اپنی نااہلی کی وجہ سے پاکستان تباہی انسٹی ٹیوٹ بن چکا ہے، پیپلزپارٹی سولو فلائٹ پر یقین نہیں رکھتی ، مارچ کے مہینے میں مارچ کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریںگے،18ویں آئینی ترمیم کے تحت کراچی کے 3 بڑے اسپتالوں کے انتظامی امور سندھ حکومت کے پاس ہیں،پی ٹی آئی بلاوجہ ان معاملات میں مداخلت سے گریز کرے،آئی جی سندھ پولیس کا معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرلیا جائے گا۔سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ صحت صوبائی معاملہ ہے، ہم این آئی سی وی ڈی ،جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ کو وفاق کے حوالے کرنے سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس سے اختلاف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں اسپتالوں کو چلانے کے لیے وفاقی حکومت نے بجٹ میں ایک روپیہ بھی مختص نہیں کیا مگر تحریک انصاف کے رہنما ان اسپتالوں کو وفا ق کی جانب سے چلانے کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے 17 جون 2019 کے کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے وفاقی حکومت ان اسپتالوں کو چلا نہیں سکتی اور ان کو سندھ حکومت ہی بہتر چلا رہی ہے مگر تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے این آئی سی وی ڈی کے دورے میں بلندوبانگ دعوے کیے کہ اب ان اسپتالوں کو پی ٹی آئی سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ خرم شیر زمان جیسے سیاست دان اپنی ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ یہ اسپتال اب پاکستان تحریک انصاف چلائے گی، ان ارکان کو اتنا علم نہیں کہ تحریک انصاف اور وفاقی و صوبائی حکومت علیحدہ چیزیں ہیں،ہر معاملے پر بے سروپا بیان دینے کے بجائے وہ آئین و قانون کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2011ء سے لے کر 2019ء تک ان اسپتالوں پر جو اخراجات ہوئے ہیں وہ اخراجات صوبائی حکومت کو واپس کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں اسپتالوں کو چلانے کے لیے سالانہ 16 ارب روپے کا بجٹ درکارہے جسے سندھ حکومت کابینہ اور اسمبلی کی منظوری سے عوام کی فلاح کے لیے منظور کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اسپتالوں خاص کر این آئی سی وی ڈی کی حالت سندھ حکومت کے پاس آنے سے قبل کیا تھی اور آج کیا ہے،آج یہ ادارے اسٹیٹ آف دی آرٹ بن چکے ہیں،پورے پاکستان سے آج لوگ ان اداروں میں علاج کرانے کے لیے آتے ہیں۔صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وفاقی کابینہ پہلے ہی یہ معاملہ حل کر چکی ہے مگر خرم شیر زمان بیان بازی سے اپنی دکان چمکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 17 ماہ میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے تحریک انصاف سنجیدگی نہیں دکھا رہی بلکہ عوام کو ذخیرہ اندوزوں کے حوالے کردیا ہے۔