حکومت جامعات کو قرض لینے پر مجبور کررہی ہے‘ بلاول زرداری

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کی بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی 104سرکاری یونیورسٹیاںاپنی تاریخ کے بدترین مالی بحران سے گزر رہی ہیں جس کی وجہ سے پشاور یونیورسٹی سمیت ملک کی اہم یونیورسٹیاں اپنے عملے کو تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت مطلوبہ 158ارب روپے کے بجٹ میں سے اس کا نصف حصہ بھی مختص کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ حکومت پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں کو اپنے معاملات چلانے کے لیے قرضہ لینے پر مجبور کر رہی ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کو بھی بری طرح نظرانداز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے اپنے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ لاکھوں افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سماجی ، معاشی اور سیاسی دلدل میں پھنسا دیا گیا ہے۔