سکھر،انتظامیہ غفلت کے باعث شہری بدبودارپانی پینے پرمجبور

171

سکھر( نمائندہ جسارت )سکھر انتظامیہ کی غفلت ، شہری گندہ اور بد بودار پانی پینے پر مجبور ہو گئے ، واٹر ورکس فیز 4کاتالاب گندگی میں تبدیل ہوگیا ، شکایت کے باوجود مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، مکینوں کو میئر سکھر و دیگر بالا حکا م سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ سکھر کے میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ و دیگر منتخب نمائندگان کی جانب سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے یقینی دعوے بے سود ثابت ہو رہے ہیں سکھر سٹی کے شہریوں کو گندہ اور بد بودار پانی سپلائی کرنے کے بعد اب نیو تعلقہ سکھر کے مکینوں کو بھی گندہ پانی سپلائی کیے جانے کا انکشاف ہو ا ہے ، نیو تعلقہ میں قائم مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے خطیر بجٹ سے تیار کیے جانے والے واٹر ورکس فیز 4کے تالاب کی صفائی ستھرائی نہ ہونے سمیت تالاب کے اطراف میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں صفائی کے ناقص انتظامات کو درست کرنے کے بجائے نیو تعلقہ سکھر کے مختلف علاقوںمیں گندے اور بد بودار پانی سپلائی کیا جا رہا ہے ، گندا پانی پینے کی وجہ سے مکین بیماریوںمیں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں ، نیو تعلقہ کے مکینوں نے میئر سکھر اور دیگر بالا حکام سے واٹر ورکس فیز 4کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے سمیت مکینوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔