آٹا، چینی چورجہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی تلاشی کیوں نہیں ہوئی ،مریم اورنگزیب

128

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی آٹے اور چینی کی ملوں کی تلاشی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی چور اور مہنگائی مافیا کی سربراہی وزیراعظم کر رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کو بتایا جائے جہانگیر ترین نے کیوں اور کتنی چینی برآمد کی ؟ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی چینی اور آٹے کی ملوں کی اب تک
تلاشی کیوں نہیں ہوئی ؟ عوام کی روٹی، چینی اور آٹا چھین کر دوستوں کی جیبیں کیوں بھری جا رہی ہیں ؟ ایک سال میں 13 ہزار ارب کا قرض کس کی جیب میں گیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو بتایا جائے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کس کی جیب میں جا رہا ہے ؟ دوائیوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافے سے کمایا گیا مال کس کی جیب میں گیا ؟ آپ کے دوستوں نے آپ کے ساتھ مل کر کتنی چینی باہر بھجوائی ، عمران صاحب چینی چور، منافع خور اور ذخیرہ اندوز اپنے دوستوں کے خلاف کب کارروائی کریں گے ؟ بیرون ملک چینی بیچ کر اربوں کمانے والے اب چینی باہر سے منگوا کر پھر تجوریاں بھر رہے ہیں۔