کسی عبوری سیٹ اپ کا حصہ نہیں بنیں گے، رانا ثناء اللہ

427

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم کسی عبوری سیٹ اپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

لاہور میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ ہم صرف انتخابات چاہتے ہیں، حکومت کو آج ہر گھر اور گلیوں میں گالیاں پڑرہی ہیں، اتحادی جب تک ان کی کشتی پر رہیں گے وہ بھی ڈوب جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے عدالت کی امانت اوردیانت پرکوئی شبہ نہیں، عدالتوں سے انصاف مل رہا ہے، خصوصی عدالت کا المیہ ہے ایک خط پرجج تبدیل ہوجاتا ہے، یہ انصاف کے حصول کی جنگ ہے جوبھرپورطریقے سے لڑوں گا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف واپس آرہے ہیں ان کی واپسی پر اے پی سی بلائیں گے اور اپوزیشن کو متحد کرکے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہم سے ناراض ہیں انہیں منا لیں گے۔