آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف میں کمی کی بھیک معاشی تباہی کا اعلان ہے، شہباز شریف

152

لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف میں کمی کی بھیک معاشی تباہی کا اعلان ہے۔ معاشی خسارہ چیخ، چیخ کر خبردار کر رہا ہے کہ مہنگائی کا خوفناک طوفان آرہا ہے۔ 18ماہ میں 11ہزار ارب روپے کا قرض لینے والے قوم کے مجرم ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانا بنایا اور اس پر دکھ اور تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ نالائق حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے 800 ارب روپے کی ٹیکس وصولی میں کمی کی بھیک درحقیقت معاشی تباہی کا اعلان ہے اور ملکی تاریخ کاسب سے بڑا 9.5 فیصد کا متوقع خسارہ قوم اور ملک کے لیے بربادی کا سامان اورایک بری خبر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور نالائق ٹولے کا کیا دھرا ہے کہ ملک اور قوم اس بدقسمت صورتحال سے دوچارہے اور معاشی خسارہ چیخ ، چیخ کر خبردار کر رہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی قرض اور مہنگائی کا خوفناک طوفان آرہا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے حسی اور سفاکی کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور انکم سپورٹ پروگرام پر بھی کلہاڑا چلا دیا ہے جبکہ آٹے اور گندم کا بحران نیچے سے اوپر تک پیدا کیا گیا ہے اور حواری غریبوں کی جیب صاف کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ماہ میں 11ہزار ارب روپے قرض لے کر ریکارڈ قائم کرنے والے قوم کے مجرم ہیں ۔