پرویز الٰہی کے مجھ پر سازش کرنے کے الزام پر رنج ہوا، اعجاز الحق

160

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ وہ چودھری شجاعت حسین کا بے حد احترام کرتے ہیں لیکن چودھری پرویز الٰہی خود بتائیں اور اپنی سازشوں کا ضرور تجزیہ کریں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں چودھری پرویز الٰہی کے اس بیان پر بہت رنج ہوا ہے جس میں انہوں نے حامد ناصر چٹھہ اور منظور وٹو کے ساتھ مل کر مجھ پر سازش کرنے کا لزام لگایاہے۔ وہ یہ بات یاد کریں جب غلام حیدر وائین کے خلاف سازش ہوئی تو انہوں نے ہی چودھری پرویز الٰہی کو لیڈر آف دی اپوزیشن بنوایا تھا۔جب جنرل پرویز مشرف نے انہیں مسلم لیگ کی قیادت سنبھالنے کے لیے کہا تھا تو اس وقت چودھری پرویز الٰہی نے طارق عزیز کے ساتھ مل کر ان کے خلاف سازش کی تھی۔ وہ چودھری شجاعت حسین کا بے حد احترام کرتے ہیں لیکن یہ جواب صرف ریکارڈ درست رکھنے کے لیے دے رہے ہیں۔