نوابشاہ (سٹی رپورٹر) محکمہ سوئی گیس نے نوابشاہ کے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا، تنخواہ دار اور غریب طبقہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے بھیجے جانے والے بلوں کے بوجھ سے پریشان لیکن حکومت توجہ دینے کے لیے تیار نہیں، الٹا صارفین کے ساتھ بدسلوکی کا رویہ روا رکھا ہوا ہے۔ مریم روڈ کے رہائشی محمد حنیف جن کا گھرانہ 5 افراد پر مشتمل ہے ماہ جنوری 2020ء کا سوئی گیس کا بل 795 روپے ہے مگر اس پر سلو میٹر چارج 6413 روپے اور جی ایس ٹی 1090 روپے لگا کر ٹوٹل بل 8298 روپے بھیج دیا گیا۔ کسٹمر سینٹر سے کمپلین کے بعد بھی وہ کہتے ہیں کہ آپ کو یہ بل تو جمع کروانا پڑ ے گا۔ غریب عوام کے لیے مہنگائی کے باوجود ظالم ٹیکس کا بوجھ برداشت کرنا دشوار ہے۔