ترک صدر کا 13 فروری کو دورہ پاکستان متوقع ہے، اسد قیصر

161

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ترک صدرطیب اردوان13اور14فروری کو پاکستان کا دورہ متوقع ہے، دورے میں ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجبطیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے اسپیکر اسدقیصر نے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں تمام پارلیمانی رہنمائوں سے رابطہ کریں گے اور اراکین اسمبلی کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔اسدقیصر نے مزید کہا کہ 14 فروری کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ، جس کے مطابق ترک صدر کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ساتھ اسلام آبادپہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔