ٹھٹھہ (ہینڈ آئوٹ) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر کی قیادت میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے متعلق آج شاہجہان مسجد سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن و دیگر مختلف محکموں کے افسران و عملہ، مختلف اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلا ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بینرز، پمفلٹ اور پلے کارڈز اٹھاتے ہوئے ان کے حق میں زوردار نعرے بازی کی گئی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر نے پریس کلب ٹھٹھہ میں ریلی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک جنت ہے جبکہ جنت کسی کافر کو ملی ہے اور نہ ہی ملے گی اور کشمیر کو جب بھی ہماری ضرورت پڑے گی، ہم تن، من اور دھن کی بازی لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تا قیامت جب تک یہ دنیا قائم ہے، بھارت کشمیر کو لینے میں ناکام رہا اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی حیثیت اور اہمیت پاکستان کے لیے غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد جب کبھی اس امر کی ضرورت پڑے گی کہ ہم سب اکٹھے ہو جائیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیں اور کشمیر کے لیے جب بھی فیصلہ کن جنگ ہوگی ہم شانہ بشانہ ساتھ ہوں گے۔