بنگلادیش ٹیم پاکستان پہنچ گئی،راولپنڈی میں کل ٹیسٹ ہوگا

510
اسلام آباد: بنگلادیشی ٹیم کے کھلاڑی اورآفیشلز ہوٹل میں داخل ہورہے ہیں ،دوسری تصویر میں ائرپورٹ سے باہرآتے ہوئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاک بنگلا دیش کرکٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل سے 11 فروری راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے میچ کے لیے اپنے تربیتی سیشن کا آغاز گزشتہ روز کردیا۔پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچز میں بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست، 10 میں سے 9 جیتے اور ایک ڈرا ہوا۔ آج دونوں ٹیموں کے کپتان ٹیسٹ ٹرافی کی رونمائی کریں کے جس کے بعد پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے کھیلوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں جس میں شٹل سروس کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ گزشتہ روز جب بنگلا دیش کرکٹ ٹیم اپنے آفیشلز کے ساتھ اسلام آباد پہنچی تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر مہمان ٹیم کے کوچ، مینجر اور کپتان سمیت تمام کھلاڑی مسرور نظر آرہے تھے اور پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم تھے۔
کراچی (سید وزیر علی قادری) بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ بنگلا دیشی ٹیم نے پہلی مرتبہ ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 2001ء میں پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، وقار یونس کی قیادت میں پاکستان نے اس میچ میں اننگز اور 264 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ بنگلا دیش نے پاکستانی سرزمین پر واحد ٹیسٹ سیریز 2003ء میں کھیلی، 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کراچی، دوسرا پشاور اور تیسرا ملتان میں کھیلا گیا۔پاکستان کی کرکٹ ٹیم بنگلا دیش کے خلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے، 2001ء سے 2015ء تک دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے، پاکستان نے 9 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا، اس طرح پاکستانی ٹیم کی جیت کا تناسب 90 فیصد ہے۔ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 2001ء میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 264 رنز سے کامیابی حاصل کی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز 2001/02ء میں بنگلا دیش میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 2-0 سے کلین سویپ کی۔ ڈھاکامیں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 78 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 169 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ 2003ء میں بنگلا دیش نے پاکستان کا پہلا دورہ کیا، اس موقع پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان نے 3-0 سے کلین سویپ کی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی، پشاور میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 9 وکٹوں جبکہ ملتان میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے 2011/12ء میں بنگلا دیش میں کھیلی گئی2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی وائٹ واش کی۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 184 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2015ء میں بنگلا دیش میں کھیلی گئی، دو میچوں کی سیریز پاکستان نے 1-0 سے اپنے نام کی، بنگلا دیش نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈرا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 328 رنز سے کامیابی حاصل کی۔