قوم کی خواہش ہے کشمیر پاکستان کا حصہ بنے ، شیخ رشید

153

راولپنڈی(اے پی پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم جنگ کی خواہش یا دعا نہیںکرتے لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری سانس تک لڑیں گے، پوری پاکستانی قوم کی خواہش ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے ، ہم کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں ،مودی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں ذلیل ہو رہا ہے، اگر مودی نے کوئی مذموم حرکت کی تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو گی، لال چوک سے لال حویلی تک کشمیر سے ہمارا خون کا رشتہ ہے، آج دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے امید کی آخری کرن صرف پاکستان ہے، ہمارا آزمائشی دوست چین ایک دیوارکی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا، عمران خان سے پیار اور دوستی کی وجہ سے حکومت کا حصہ ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بدھ کی سہ پہر لال حویلی کے باہر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں شیخ رشید نے لال حویلی سے یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی جو لال حویلی سے شروع ہو کر راجا بازار کاچکر لگاتے ہوئے واپس لال حویلی پہنچ کر ختم ہوئی۔