جہلم میں طالبہ سے زیادتی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

121

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جہلم کے علاقے دینہ میں طالبہ سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متاثرہ طالبہ کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت فیصل آباد ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا، 90 شاہراہ قائداعظم پر منعقدہ میراتھون اجلاس میں فیصل آباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ، اور کئی منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں ترقیاتی اسکیموں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21ء کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ، عوام کی خدمت کے سفر میں ہم شانہ بشانہ چلیں گے۔ میں نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ فیصل آباد ڈویژن سے شروع کیا ہے، یہاں کے مسائل اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی مشاورت سے حل کریںگے۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔ منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں رکاوٹ نہیںآنے دیںگے۔