چیف آف نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ آج شروع ہوگا

132

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف آف نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کر لیں گئیں ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کی انٹری 7 جنوری تک رکھی گئی تھی، ٹورنامنٹ میں 24 ملکی اور غیر ملکی مرد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 9 پاکستانی اور 15 غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں عاصم خان، طیب اسلم، فراز محمد، فرحان زمان، سعید عبدل،عماد فرید، ظہیر شاہ، دانش اطلس اور اسرار احمد کے علاوہ ملائیشیا، مصر، ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ، کویت ، فرانس اور اٹلی کے کھلاڑی بھی ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگے، ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مقابلے کل، کوارٹر فائنل 6 فروری، سیمی فائنل مقابلے 7 فروری کو جبکہ فائنل 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے اور فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان نیوی کے تعاون سے کھیلا جا رہا ہے۔