کشمیر کا بھارت کے ساتھ جبری الحاق کیا گیا، کل جماعتی کانفرنس گوادر

156

گوادر (نمائندہ جسارت) مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ کشمیر کا مسلمانوں کی خواہش کے برعکس بھارت کے ساتھ جبری الحاق کیا گیا ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی، فکری، شعوری اور نظریاتی طور پر مضبوطی کی حامل ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کیا ہے۔ 182 دن سے کشمیری گھروں میں محصور ہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پاکستانی حکمران سمیت مسلم قیادت کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو بھارت اپنی فسطائیت سے دبا نہیں سکتا۔ کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی پر اپنی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے پریس کلب گوادر میں جماعت اسلامی گوادر کے زیر اہتمام کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سعید احمد بلوچ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو قید خانے میں تبدیل کیا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی جارہی ہیں لیکن بھارت خوش فہمی میں مبتلا نہ رہے۔ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی نظریاتی طور پر استوار ہے اور اس میں جذبہ ایمانی کا زیادہ غلبہ ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت گزشتہ 70 سال سے کشمیری مسلمانوں پر ہر طر ح کے ظلم ڈھانے کے باوجود اپنے عزائم میں ناکام ہوگیا ہے۔ قرآن کریم اور حضورﷺ کی تعلیمات کسی بھی طور پر غلط ثابت نہیں ہوسکتے، مسلمان اگر متحد رہیں تو ان کو دنیا کی کوئی بھی طاقت شکست نہیں دے سکتی، جس کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اللہ پاک پر بھروسہ کریں۔ بی این پی عوامی کے مرکزی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ سعید فیض نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ منتازع علاقہ ہے، بھارت کا وہاں پر قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے، کشمیر میں جاری مظالم پر انسانیت شرمسار ہے، وہاں پر آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور لاکھوں لوگوں کو قیدی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کشمیر کے حالات کا نوٹس لے کر وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ پی ٹی آئی ضلع گوادر کے صدر مولا بخش مجاہد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مؤثر حکمت عملی سے کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے لیکن دیگر مسلمان ممالک بالخصوص سعودی عرب کشمیر تنازع کے حوالے سے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر کشمیر سے لے کر فلسطین تک مسلمان پر یشان حال ہیں، اس کی وجہ مسلمانوں میں اتحاد کی کمی ہے، جس کے لیے ضروت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان متحد ہوکر اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کا ادراک رکھتے ہوئے اس کا مقابلہ کریں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے ضلعی امیر مولانا عبدالحمید انقلابی نے کہا کہ تمام کلمہ گو آپس میں ایک جان اور ایک قالب ہیں، صرف زبانی کلامی دعوئوں سے کشمیر کو آزاد نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ اخلاقی اور معاشی طور پر کوئی بھی ملک کشمیری مسلمانوں کا مقدمہ مؤثر طریقے سے نہیں لڑسکتا۔ پہلے ہمیں اپنے صفوں کو مضبوط بنانا ہوگا تب ہم کشمیری مسلمانوں کی مدد کا اہل ہوسکتے ہیں۔ پی پی مکران ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات یوسف فریادی نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو دنیا کی کوئی بھی طاقت فتح نہیں کرسکتا۔ بھارت نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے ہیں لیکن کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی آج بھی جوش و ولولے سے جاری ہے۔ اس میں کوئی بھی کمی نہیں آئی پی پی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر ڈے کا اعلان کیا، جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزاد ی کا اخلاقی سپورٹ کرنا ہے۔ پاکستان کے غیور مسلمان اور عوام کشمیری مسلمانوں کو کسی بھی طور پر تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ ن لیگ کے رہنما محمد بزنجو نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر قبضے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ گوادر سے لے کر گلگت تک مسلمان کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی دل و جان سے حمایت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی گوادر کے امیر مولانا لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر، فلسطین اور چیچنیا سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے ہمیشہ سے آواز اٹھا رہا ہے۔ حیف کہ ہمارے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ جس انداز سے اٹھایا جانا تھا، اس طریقے سے نہیں اٹھایا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ اسلام اور کفر کی ہے، جس میں مسلمان فتح یاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ استصواب رائے سے حل کیا جائے۔ اقوام متحدہ کٹ پتلی ادارہ بننے کے بجائے اپنے قراردادوں پر عمل کرکے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا جبری تسلط ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ کانفرنس کے نظامت کے فرائض جماعت اسلامی کے رہنما یونس حسن نے ادا کیے۔