لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے تمام اتحادی کہیں نہیں جا رہے ، ن لیگ اورپی پی ختم ہوگئی ہیں جب کہ حکومت کا اصل مقابلہ اپوزیشن سے نہیں مہنگائی سے ہے۔ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تیز گام حادثے کی مزید تحقیقات کے لیے 3 اے جی ایم پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے جو واقعے کے خدوخال کا جائزہ لے گی‘ واقعے کے ذمے داروں کو سزائیں دی جائیں گی‘ واقعے کی کمیٹی کی طرف سے ٹھوس رپورٹ نہیں دی گئی، واقعے کی انکوائری میں ہم نے غیر جانبداری کامظاہرہ کیا ، کمیٹی کی رپورٹ کو روکنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی اس پراثر انداز ہوئے ۔ ایک سوال پر وزیرریلوے نے کہا کہ چودھری برادران کے بیانات سے حیرانگی ہو رہی ہے‘آئندہ ہفتے ان سے ملوں گا تاہم وہ کہیں نہیں جارہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ہمارے دور کی آڈٹ رپورٹ ابھی تک جمع نہیں ہوئی‘عدالت عظمیٰ میںریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے جو آڈٹ رپورٹ زیر بحث آئی اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ، جب نئی آڈٹ رپورٹ جمع ہو گی تو اس میں ہمیں مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں شیخ ر شید نے کہا کہ نواز شریف نے آنا نہیں‘ مریم نواز نے جانا نہیں البتہ شہباز شریف واپس آسکتے ہیں۔ یوم کشمیر پر اپنا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر زندہ ہے اور رہے گا جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے یا وہاں کشمیریوں کا قبرستان آباد ہے دنیا کی کوئی طاقت جدوجہد آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتی‘5 فروری کو لال حویلی میں تاریخی جلسہ اور ریلی کا انعقادکریںگے۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے پنشنرز کا معاملہ ای سی سی میں لے کر جارہے ہیں‘ ہماری کوشش ہے کہ ریلوے کی پنشن حکومت براہ راست اپنے ذمے لے تاکہ ریلوے کا خسارہ بھی کم ہو سکے۔ شیخ رشید نے کہا کہ 15 فروری کو گوجرانوالہ سے لاہور شٹل ٹرین چلائی جائے گی جب کہ مغلپورہ ڈرائی پورٹ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ازا خیل کے بعدچشتیاں‘ کندیاں‘ شیخوپورہ‘ چھانگا مانگا ڈرائی پورٹس میں بہتر لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں رواں سال فریٹ اور لینڈ کا سال قرار دیا ہے جس میں ٹارگٹ سے اوپر جارہے ہیں‘ اسی طرح پسنجر سیکٹر میں بھی ابھی تک ٹارگٹ سے آگے ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 75 نئی چائنیز کوچز کو ری نیو کرکے 4 ٹرینوں میں نئی کوچز لگائیں گے‘ اس طرح فریٹ ویگنز میں بھی 300 کوچز ری نیو کرکے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے اسپتال اور اسکول بہترین کام کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے سے مل کر ان کو مزید بہتر کر رہے ہیں۔