موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان ہیں، چودھری شجاعت

197

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان ہیں، آصف زرداری پر اعتماد کیا جاسکتا ہے، موجودہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ ناتجربہ کاری ہے، حکومت کوکسی بھی تنقید کو اصلاح کے طور پرلینا چاہیے، ہمارا مقصد حکومت کی اصلاح کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں سربراہ جے یوآئی ف کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ف کے دھرنے کے دوران مجمع پرامن رہا، ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا۔ مولانا فضل الرحمان دھرنے کے دوران حکومتی ٹیم سے مذاکرات کیلیے تیار نہیں تھے، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی،ملک کے مفاد میں دورس نتائج کیلیے بہترین فیصلہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں سربراہ چودھری شجاعت نے کہا کہ مریم نواز بیٹیوں کی طرح ہیں۔مسلم لیگ ن میں آج بھی طاقت کا منبع نوازشریف ہیں، ن لیگ میں ووٹ بینک شہبازشریف کا نہیں ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے میری خیریت دریافت کی تھی۔چودھری شجاعت نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ ناتجربہ کاری ہے۔ حکومت کی اصلاح کیلیے دی گئی رائے کو تنقید سمجھا جاتا ہے۔ حکومت کو کسی کی رائے کو تنقید کی بجائے اصلاح کے طور پرلینا چاہیے۔ہمارا مقصد حکومت کی اصلاح کرنا ہوتا ہے ، اس کوکسی اور نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان اور رکھ رکھاؤ والے ہیں۔آصف زرداری پر موجودہ سیاست میں اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ شاہ فیصل ، ذوالفقار بھٹو اور جنرل ضیاء الحق نے مسلم امہ کے اتحاد کیلیے کام کیا لیکن موجودہ دور میں مسلم امہ کے پاس کوئی ایسا لیڈر موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دوقانون نہیں ہونے چاہییں ، ملک میں نیب کا قانون الگ اور باقی اداروں کے قوانین الگ نظر آتے ہیں۔نیب نے ہم سے سوالات کیے تھے جن کا تفصیلی جواب ادارے کو دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کام نہیں کرنا ، یہ واحد عمل ہے جس کی نیب قانون میں کوئی سزا نہیں ہے۔