مولانا فضل الرحمن نے حکومت مخالف تحریک کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی

138

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آ ئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایک اور حکومت مخالف تحریک کی تیاری کرلی،اپوزیشن کی 5 جماعتوں کے ساتھ مل کر شیڈول کو حتمی شکل دیدی۔ اپوزیشن کی 5 جماعتوں میں پختونخوا میپ، نیشنل پارٹی، جے یو پی، جمعیت اہلحدیث اور قومی وطن پارٹی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ احتجاجی حکمت عملی کا آغاز 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر سے کیا جائے گا،9 فروری کو لاہور میں احتجاجی کنونشن ہوگا، 15 فروری کو اسلام آباد میں اپوزیشن کے احتجاجی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، 23 فروری کو کراچی، یکم مارچ کو پشاور میں احتجاجی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کنونشنز سے مولانا فضل الرحمن، محمودخان اچکزئی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ سمیت مرکزی رہنما خطاب کریں گے، ملک گیر کنونشنز کے انعقاد کے بعد احتجاجی تحریک چلانے کے طریقہ کار کا فیصلہ کیا جائے گا۔