بلاول کا ایم کیو ایم کو ایک بار پھر وفاقی حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا مشورہ

266

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کو ایک مرتبہ پھر وزارتیں چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے ایک بھی مسئلہ حل نہیں کیا،اپوزیشن جماعتیں حکومت کو گھر بھجوانے پر متفق ہیںجب کہ حکومت کے تمام صوبوں میں اتحادی ان سے ناراض ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ ایم کیو ایم واقعی کر اچی کے ساتھ ہے تو وزارتیں چھوڑ دے، تحریک انصاف میں صلاحیت ہی نہیں کہ ملک چلا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کر نی چاہیے،وفاقی حکومت ایم کیو ایم کے بلدیاتی نظام اور پولیس سمیت دیگر مطالبات پر پوری نہیں اتری۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپا رٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان نظریاتی ایشوز ہیں تاہم کراچی کے عوام کے مسائل کو مل کر حل کر نا چاہیے ،ایم کیو ایم کو سوچنا چاہیے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ کیوں کھڑی ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر متحدہ قومی موومنٹ واقعی کراچی کے ساتھ ہے اور کراچی کی ترقی چاہتی ہے تو وہ وزارتوں سے مستعفی ہو، کراچی کے معاملے پر ہمیں مل کر بیٹھنا ہوگا۔