اتحادی کو سوتن نہ سمجھیں،چوہدری پرویز الہی

594

وزیراعظم کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ق کے ساتھ اتحادی امور کے معاملے پر بات چیت کے لیے قائم کردہ کمیٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے، ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں اور اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔

نئی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پہلی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد معاملات بہتری کی طرف چل رہے تھے،اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے جس کی سمجھ نہیں آئی۔

رہنما مسلم لیگ ق نے نئی حکومتی کمیٹی پر بابا بھلے شاہ کا شعر پڑھتے ہوئے کہا کہ اگلی توں نہ پچھلی توں، میں صدقے جاواں وچلی توں،  ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں، ہم کوشش کرتے ہیں کہ صبر کے ساتھ چلیں، طے شدہ چیزوں کی یقین دہانی کرواتے رہتے ہیں،احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی اسی حکومت کے ساتھی ہیں، اس لیے نقصان سے بچنے کے لیے اصلاح کی کوشش کررہے ہیں، ہم ویٹ اینڈ امپرومنٹ کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔