اسلام آباد:وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مالی فوائداٹھانے والے 4 افسران کونوکری سے برطرف کردیا جبکہ ایف آئی اے نے تفتیش کا عمل تیز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) اور مالی فوائداٹھانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف2 مراحل میں تفتیش کی جائے گی، پہلے مرحلے میں غریبوں اور ناداروں کا حق کھانے والے افسران جبکہ دوسرے مرحلے میں سہولت کاروں کو پکڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) نے تفتیش کاعمل شروع کرتے ہوئے بے ضابطگیاں کرنے والےافسران سے متعلق تفصیلات صوبائی زونز کو فراہم کردی ہےجبکہ حکومت نے بی آئی ایس پی میں مالی فوائداٹھانے والے 4 افسران کونوکری سے برطرف کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بی آئی ایس پی سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین نےفائدہ اٹھایا ہے جبکہ ان سرکاری ملازمین میں سے 2047 سرکاری ملازمین 17 گریڈ یا اس سے اوپر کے تھے۔