مریم اورنگزیب کا عمران خان کو دماغ ٹھیک کرنے کے ٹیکے لگوانے کا مشورہ

194

لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو عقل اوردماغ ٹھیک کرنے کے ٹیکے لگوانے کا مشورہ دے دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کابینہ کے ’’مس گائیڈ‘‘ (گمراہ) کرنے کا بیان اپنے ہی منہ پر طمانچہ ہے ،ڈالر 120 سے 160 ہو گیا آپ کو ٹی وی سے پتا چلا، گیس 250 فیصد اور بجلی 200 فیصد مہنگی ہو گئی آپ کو پتا بھی نہیں چلا، آپ وزیراعظم ہیں آپ کو کوئی بتائے تو یاد آتا ہے؟، 16 ماہ میں تاریخی 11000 ارب کا قرض لیا اور کہتے ہیں وزرا ’مس گائیڈ‘ کر رہے ہیں ؟ ایسے بیان دیتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ڈاکٹروں کو کہیں آپ کو ایسا ٹیکا لگائیں جو آپ کا دماغ درست کرے، 16 ماہ میں 5.8 فیصد پر ترقی کرتے ہوئے خوشحال ہنستے بستے ملک کو تباہ و برباد، بھوکا، غریب اور مہنگا ترین کر دیا اور کہتے ہیں وزرا گمراہ کر رہے ہیں؟، 16 ماہ میں روزگار، کاروبار، معیشت، پولیو، ڈینگی، آٹا، چینی، ریلوے، صحت، تعلیم، منصوبہ بندی، گیس بجلی ہر شعبہ تباہ کر دیا اور کہتے ہیں کابینہ ’مس گائیڈ‘ کرتی ہے؟عمران صاحب آپ جو باتیں کر رہے ہیں اس کے بعد آپ کو ایک نہیں 2 ٹیکے لگوانے چاہییں،پورا پاکستان جانتا ہے کہ آٹے، چینی کے بحران کے ذمے دار خسرو بختیار اور جہانگیر ترین ہیں جنہیں آپ نے مسئلہ حل کرنے کا ذمے دار بنایا، عمران صاحب ایسا ٹیکا لگوائیں جو دماغ ٹھکانے پر لے آئے۔