سانحہ تیز گام: پلوشہ خان کا شیخ رشید کو برطرف کرنے کا مطالبہ

153

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ تیزگام کی تحقیقاتی رپورٹ کو وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر میں تبدیل کر کے وزارت سے برطرف کیا جائے، حادثے کے حوالے سے مجرمانہ غلط بیانی پر مقدمہ چلایا جائے، جاں بحق افراد کے ورثاکو فی کس 50 لاکھ اور زخمیوں کو کم سے کم 10 لاکھ معاوضہ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں 6 درجن سے زیادہ معصوم انسان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، وزیر ریلوے نے جھوٹ اور فریب کے ذریعے حادثے کی ذمے داری سانحے کے متاثرین پر ڈالنے کی شرمناک حرکت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سیاست پر داغ اور وزارت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے، ان کی ڈھٹائی پر کوئی شک نہیں ہے، وہ مستعفی نہیں ہوں گے اور نہ ہی غلط بیانی پر معافی مانگیں گے، ان پر سانحہ تیزگام میں جاں بحق افراد کے قتل کا مقدمہ چلایا جائے اور قوم سے حقائق چھپانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔