عمران صاحب آپ کو ایک نہیں دو ٹیکے لگنے چاہئیں،مریم اورنگزیب

375

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آپ کو ایک نہیں دو ٹیکے لگنے چاہئیں جوآپ کا دماغ ٹھکانے پر لے آئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب ڈاکٹروں کو کہیں آپ کو ایسا ٹیکا لگائیں جو آپ کا دماغ درست کرے، 16 ماہ میں 5.8 فیصد پہ ترقی کرتے ہوئے خوشحال ہنستے بستے ملک کو تباہ کردیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 16 ماہ میں آٹا، چینی، روزگار، کاروبار،  معیشت، ڈینگی، ریلوے، صحت، تعلیم، گیس بجلی ہر شعبہ تباہ کر دیا اور کہتے ہیں کابینہ ’مس گائیڈ‘ کرتی ہے۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ 16 ماہ میں تاریخی 11000 ارب کا قرض لیا اور کہتے ہیں وزرا ’مس گائیڈ‘ کر رہے ہیں؟۔ ایسے بیان دیتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ آٹے، چینی کے بحران کے ذمہ دار جہانگیر ترین اور خسرو بختیار ہیں جنہیں آپ نے مسئلہ حل کرنے کا ذمہ دار بنایا۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب آپ جو باتیں کر رہے ہیں، اس کے بعد آپ کو ایک نہیں دو ٹیکے لگنے چاہئیں جوآپ کا دماغ ٹھکانے پر لے آئے۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز اجلاس میں معاشی ٹیم پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی اور مجھے اس معاملے پر مس گائیڈ کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 2013 میں ایک حادثے کے دوران زخمی ہوا تھا جس پر مجھے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر نے ایسا ٹیکا لگایا کہ مجھے نرسیں حوریں نظر آنے لگی تھیں۔