لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف لندن میں حکومت کا علاج کررہے ہیں، حکومت بڑی مہلک بیماریوں میں گھری ہوئی ہے،شہبازشریف کا جب اپنا طبی معائنہ اور حکومت کے علاج کا بندوبست مکمل ہوجائے گا تو وہ واپس آجائیں گے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مریم نواز نے سیاست میں کیا کردار ادا کرنا ہے؟ وہ پارٹی کی مشاورت کے بعد جلد اپنا کردار ادا کریں گی،پارٹی کا بڑا مطالبہ ہے کہ مریم نوازسیاست میں اپنا کردار ادا کریں، یہ مسئلہ بھی جلد حل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف جلد وطن واپس آجائیں گے، ابھی شہبازشریف لندن میں حکومت کا علاج کررہے ہیں۔شہبازشریف کا جب اپنا طبی معائنہ اور حکومت کے علاج کا بندوبست مکمل ہوجائے گا تو وہ واپس آجائیں گے۔حکومت بہت بری بیماریوں میں گھری ہوئی ہے،حکومت کو اتنی مہلک بیماریاں لگی ہوئی ہیں کہ 22کروڑ عوام کو پریشان کیا ہوا ہے۔اس لیے حکومت کا علاج بہت ضروری ہے،یہ بھی ضروری ہے کہ حکومت کے علاج میں ساری جماعتوں کو شامل ہونا چاہیے۔مزید برآں رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ ، پنجاب میں علیحدہ پارلیمانی گروپ یا وزرا کی بغاوت کرپشن اور بری گورننس کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے،لوگوں میں بے چینی بھی بری گورننس کی وجہ سے ہے۔پنجاب میں حکومت عثمان بزدار نہیں چلا رہے بلکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو بنی گالہ سے چلایا جا رہا ہے، پنجاب کے تمام وزراء رو رہے ہیں، پنجاب میں حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، ان حکمرانوں کو جس طرح کا مینڈیٹ دلوایا گیا وہ ووٹ کی عزت نہیں ہے۔قبل از وقت صاف و شفاف انتخابات ہی واحد حل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ہاوس تبدیلی کے بعد آنے والا بھی موجودہ نظام میں چل نہیں سکے گا،اراکین اسمبلی کا ہمیشہ آپس میں رابطہ رہتا ہے۔ نواز شریف صحت مند ہوتے ہی فورا واپس آ جائیں گے۔