ملتان، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں ، طلبہ تصادم،3 زخمی

436

ملتان(آئی این پی)ملتان کی بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم ،فائرنگ اورتشدد کے واقعات میں تین طلبہ زخمی ہوگئے،مشتعل طلبا نے متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑدیے ،فائرنگ اورتشدد کے واقعات سے طلبا وطالبات میں خوف وہراس پھیل گیا،یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ بھی عارضی طور پرمعطل رہی۔تفصیلات کے مطابق ملتان کی بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے گیلانی لا کالج میں دوطلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کاواقعہ ہوا،فائرنگ کے واقعے میں ایک طالب علم زاہدخان کو ٹانگ پرگولی لگی جبکہ تشدد کے واقعات میں دیگر دوطالب علم زخمی ہوگئے ،زخمی طلبا کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری طرف مشتعل طلبا نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑدیے جبکہ بعض طلبا کی طرف سے یونیورسٹی کے سیکورٹی اہلکاروں پر بھی تشدد کیا گیا۔زکریا یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو قابو کرنے کیلیے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا جس نے پہنچ کرحالات کو کنٹرول کیا،یونیورسٹی کے دونوں مین گیٹس احتجاجی طلبا کی جانب سے بندکردیے گئے۔وائس چانسلر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی منصوراکبرکنڈی نے احتجاجی طلبا سے مذاکرات کیے اوراحتجاج ختم کرایا۔دوسری طرف بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم کے واقعے کے بعد یونیورسٹی ٹرانسپورٹ بھی عارضی طورپرمعطل کی گئی،فائرنگ ا ورتشدد کے واقعات سے طلبا وطالبات میں خوف وہراس پھیل گیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری زکریایونیورسٹی پہنچ گئی اور واقعے میں ملوث طلبا کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔دریں اثنا بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کے واقعات معمول بن گئے،طلبا تنظیموں کے اراکین یونیورسٹی میں اسلحہ لے کرگھومنے لگے،اساتذہ اور طلبہ وطالبات اور والدین نے تشدد پھیلانے والی طلبا تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔