ملتان کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری

108

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی پیکیج کی منظوری پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے لیے ترقیاتی پیکج منظور کرنے پر آپ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری دفاتر میں ناکارہ گاڑیوں، مشینری، آلات اور دیگر سامان کو فی الفور نیلام کرنے کا حکم دیا ہے او ر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکے دفاتر میں موجود ناکارہ سامان کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد نیلام کیا جائے ‘ سرکاری دفاتر کو صاف ستھرا نظر آنا چاہیے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اورکیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس ہنگامی طور پر منگوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ائرپورٹس پر اسکریننگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔