احتسا ب عدالت :یوسف رضا گیلانی کے مشیر کو 8 سال قید 15 کروڑ جرمانے کی سزا

109

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سابق مشیر میاں خرم رسول کو ایل پی جی کوٹا کیس میں 8 سال قید اور 15 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل پی جی کوٹا کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کیس میں ملوث سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے سابق مشیر کو 8 سال قید اور 15 کروڑ روپے کے جرمانے کا حکم سنایا ہے۔ سابق مشیر میاں خرم رسول پر بے نامی کمپنیوں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام تھا۔ واضح رہے کہ میاں خرم رسول ایل پی جی کو ٹا کیس میں پچھلے9 سال سے جیل میں قید ہیں۔ دریںاثنا احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس کی سماعت کی‘ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری، انچارج نوڈیرو ہاؤس ندیم بھٹو اور شریک ملزم اشفاق لغاری کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری کو طلب کر لیا ہے ۔