ن لیگ متحد ہے، شہباز شریف پاکستان آرہے ہیں، رانا تنویر

161

مانانوالہ (آن لائن) سابق وفاقی وزیر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اب پاکستان مسلم لیگ(ن) متحد ہے، شہباز شریف جلد پاکستان آرہے ہیں، ن لیگ میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کا خود شیرازہ بکھر رہا ہے، ڈوبتے حکومتی جہاز سے بہت سے فصلی بٹیرے اڑان بھرنے کیلیے تیار بیٹھے ہیں مگر ایسے ابن الوقت سیاستدانوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، موجودہ حکومت کو تاریخ کی ناکام ترین حکومت کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، ملک ہر روز نئے بحران کا شکار ہو رہا ہے، قوم تذبذب کا شکار ہو چکی ہے، آٹا بحران حکومت کی بدترین ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاست مدینہ کی دعویدار تبدیلی سرکار نے عوام کے منہ سے 2 وقت کا نوالہ بھی چھین کر خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے، اب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہر روز قوم نئے بحران کا شکار ہورہی ہے مگر ترقی کا راگ الاپنے والی حکومت کی اصلیت عوام کے سامنے آچکی ہے۔